میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے فائر بریگیڈ کے نظام میں اصلاحاتی اقدامات، شہریوں کی جانب سے خیرمقدم

کراچی (نمائندہ مقامی حکومت) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت فائر بریگیڈ کے حکام کے اجلاس میں شہر میں ایمرجنسی سروس کو بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ شہریوں اور ماہرین نے ان اقدامات کو شہر کی ضرورت قرار دیتے ہوئے میئر کے کردار کو سراہا ہے۔

اجلاس میں نئے فائر اسٹیشن قائم کرنے، موجودہ اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کرنے اور پورے شہر میں ایمرجنسی رسپانس کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مرمت اور بحالی کے کام 30 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ گلشن، کورنگی، بولٹن مارکیٹ اور شمالی کراچی میں جاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اجلاس میں رسپانس ٹائم بہتر بنانے، آلات کو اپ گریڈ کرنے، تمام فائر ٹینڈروں کو فعال کرنے اور عملے کی فوری بھرتی کے لیے سخت ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

شہری رہنماؤں اور کراچی کے مقامی باشندوں نے اس اقدام کو شہر کے بڑھتے ہوئے آتشزدگی کے واقعات کے تناظر میں انتہائی ضروری قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میئر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے فائر بریگیڈ میں اصلاحات پر توجہ قابل تحسین ہے جس سے جانی و مالی نقصانات میں کمی آئے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں گذشتہ چند ماہ کے دوران آتشزدگی کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں جہاں فائر بریگیڈ کی بروقت عدم دستیابی پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ اب ان نئے اقدامات سے شہریوں کو بہتر ایمرجنسی سروس کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں