کیپ ٹاؤن کے میئر جیوڈرن ہل لیوس جنوبی افریقہ کی دوسری بڑی جماعت کے سربراہ منتخب

مِڈرینڈ (جنوبی افریقہ): جنوبی افریقہ کی دوسری بڑی سیاسی جماعت ڈیموکریٹک الائنس نے کیپ ٹاؤن کے میئر جیورڈن ہل لیوس کو پارٹی کا نیا سربراہ منتخب کر لیا ہے، جو 2029 کے عام انتخابات میں جماعت کی قیادت کریں گے۔

39 سالہ ہل لیوس کی کامیابی کو پارٹی کے لیے ایک نئی شروعات قرار دیا جا رہا ہے، جو 2024 میں اس وقت اتحادی حکومت کا حصہ بنی تھی جب افریقن نیشنل کانگریس اپنی پارلیمانی اکثریت کھو بیٹھی تھی۔

اپنی کامیابی کے بعد ہل لیوس کا کہنا تھا کہ وہ اتحادی حکومت میں ایک جونیئر پارٹنر بن کر مطمئن نہیں ہیں بلکہ ان کا ہدف آئندہ انتخابات میں قومی حکومت کی قیادت حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو مل کر ایسا مستقبل بنانا ہوگا جہاں وہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے۔

ڈیموکریٹک الائنس اس وقت وفاقی کابینہ میں چھ وزارتوں کی حامل ہے جبکہ اے این سی کے پاس 20 وزارتیں ہیں۔ دونوں جماعتیں ایک مخلوط حکومت کا حصہ ہیں جسے بدعنوانی اور بدانتظامی کے بعد ملک میں کچھ حد تک اعتماد بحال کرنے کا سہرا دیا جا رہا ہے۔

ڈیمو کریٹک الائنس مغربی کیپ صوبے اور اس کے دارالحکومت کیپ ٹاؤن کی حکومت بھی چلا رہی ہے، جسے جنوبی افریقہ کے بہتر انتظام والے شہروں میں شمار کیا جاتا ہے، جبکہ دیگر بڑے شہر، خصوصاً جوہانسبرگ، بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا شکار ہیں۔

ہل لیوس نے کہا کہ اگرچہ قومی اتحاد کی حکومت ایک پیچیدہ عمل ہے، لیکن عوام انتشار کے بجائے تعاون چاہتے ہیں۔ انہوں نے ملک کو درپیش بڑے چیلنجز، خصوصاً جرائم اور بدامنی کے خاتمے کو اپنی ترجیحات میں شامل قرار دیا اور کہا کہ عوام کا نظامِ انصاف پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ 2024 کے انتخابات میں اے این سی کو 40 فیصد ووٹ ملے تھے، جو 1994 کے بعد سب سے کم شرح ہے، جبکہ DA نے 22 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق اے این سی اب بھی 38 فیصد حمایت کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے، تاہم ڈیموکریٹک الائنس اپنی سیاسی قوت بڑھانے کے لیے متحرک نظر آ رہی ہے۔

دوسری جانب پارٹی کی سینئر رہنما ہیلن ظلے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جوہانسبرگ کی میئر شپ کے لیے امیدوار ہیں اور اپنی منفرد انتخابی مہم کے باعث توجہ حاصل کر رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں