ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وانا رضوان برکی کا پختونخواریڈیو وانا کا دورہ، کارکردگی کو سراہا
جنوبی وزیرستان لوئر (قسمت اللہ وزیر ) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وانا رضوان برکی کا تحصیلدار وانا زمان خان کے ہمراہ پختونخوا ریڈیو وانا کا تفصیلی دورہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وانا رضوان برکی نے ریڈیو کے مختلف شعبہ جات بشمول سٹوڈیوز اور ٹرانسمیٹر روم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ریڈیو سٹاف کی جانب سے انہیں نشریاتی امور اور پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر رضوان برکی نے پختونخوا ریڈیو وانا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے معلوماتی اور تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ یہ ادارہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی سرگرمیوں کو عوام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ مقامی کمیونٹی میں شعور و آگہی پھیلانے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ریڈیو کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سٹاف کو یقین دلایا کہ ادارے کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے تاکہ عوامی خدمت کا یہ سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رہ سکے۔