کراچی: تجاوزات کے خاتمے کے لیے میئر کا کے ایم سی کو 15 روز کا الٹی میٹم

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی اہم شاہراہوں، سڑکوں، گلیوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے محکمہ انسداد تجاوزات، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کو 15 روز کی مہلت دے دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں نمایاں نتائج حاصل نہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی، جس میں ملازمت سے برطرفی بھی شامل ہو سکتی ہے۔

شہریوں کی جانب سے تجاوزات اور عوامی مقامات پر غیر قانونی قبضوں سے متعلق بڑھتی ہوئی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے میئر کراچی نے محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران اور عملے کے ساتھ ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے محکمے کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمینی حقائق محکمے سے وابستہ توقعات کے مطابق نہیں ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جامع آپریشن شروع کیا جائے، جس میں اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز، مصروف سڑکوں، گلیوں اور فٹ پاتھوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو واضح لائحہ عمل مرتب کرنے، مؤثر کارروائی یقینی بنانے اور 15 روز کے اندر قابلِ پیمائش نتائج پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر تجاوزات برقرار رہنے کی صورت میں ترقیاتی سرمایہ کاری کے ثمرات شہریوں تک مؤثر انداز میں نہیں پہنچ سکتے۔

انہوں نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ عوامی مقامات کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت اور پیدل چلنے میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور شہر میں عوامی مقامات تک رسائی بہتر بنائی جا سکے۔

متعلقہ خبریں