ایبٹ آباد میں خوبصورتی مہم کا آغاز، ’وال آف ایبٹ آباد‘ کا افتتاح
ایبٹ آباد: کینٹ بورڈ ایبٹ آباد کے زیر اہتمام شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے مہم کا آغاز کر دیا گیا، جس کے تحت ’وال آف ایبٹ آباد‘ کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ایبٹ آباد کینٹ بورڈ کے صدر بریگیڈیئر فیصل شرجیل قریشی اور ایگزیکٹو آفیسر عمر معصوم وزیر نے یادگاری دیوار کا افتتاح کیا، جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد افراسیاب گوندل بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ ’وال آف ایبٹ آباد‘ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد شہریوں کو صاف اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینٹ بورڈ انتظامیہ شہر کی بہتری اور صفائی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول میسر آ سکے۔
ایگزیکٹو آفیسر نے اس موقع پر کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حفاظت اور تعاون ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔