کراچی کی تاریخی گلوب یادگار حسن اسکوائر منتقل کرنے کا اعلان

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی معروف اور تاریخی گلوب یادگار کو محفوظ بنا کر حسن اسکوائر منتقل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے ہفتہ کے روز لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

میئر کے مطابق اسلامیہ کالج اور داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قریب نصب تقریباً 60 ٹن وزنی گلوب کو اس کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر محفوظ رکھا جائے گا اور اسے حسن اسکوائر منتقل کیا جائے گا۔ اس سے قبل 2024 میں جناح ٹاؤن کے چیئرمین نے اس یادگار کو بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کی تعمیر کے باعث ہٹانے اور نیشنل اسٹیڈیم منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم یہ منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کی تاریخی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے وہاں شہداء کی یادگاریں بھی قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کی تاریخی یادگاروں کے تحفظ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کریں تاکہ بلدیہ ان پر عملدرآمد میں تعاون کر سکے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں لانڈھی اور کورنگی کے علاقوں کو جان بوجھ کر بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، تاہم موجودہ انتظامیہ بہتری اور ترقی کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب نیت صاف ہو تو مسائل کے حل کی راہیں خود بخود ہموار ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی حکومت کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کے مسائل حل کرنا ہے، لیکن گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران کراچی کی حالت کو دانستہ طور پر خراب ہونے دیا گیا۔ اب شہری مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

میئر نے یہ بھی بتایا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کر دیا گیا ہے اور عوام کو سستی ممبرشپ فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

متعلقہ خبریں