کمشنر راولپنڈی کا بینظیر بھٹو اسپتال کے تہہ خانے میں پانی رساؤ کا نوٹس
راولپنڈی: کمشنر راولپنڈی عبدالعامر خٹک نے بےنظیر بھٹو اسپتال کے تہہ خانے میں مسلسل پانی کے رساؤ کے مسئلے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اور مستقل حل نکالنے کی ہدایت کر دی ہے۔
یہ ہدایات انہوں نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، جس میں اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسپتال کے مختلف حصوں میں پانی جمع ہونے اور رساؤ کے مسئلے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ زیرِ زمین پانی کی سطح بلند ہونے اور سیپج کے باعث تہہ خانے کے مختلف مقامات پر پانی جمع ہو رہا ہے۔ مسئلے کی نوعیت جانچنے کے لیے مختلف مقامات پر بور ہولز بھی کھودے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق سیوریج لائنوں میں پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے راستوں کو کشادہ کرنے پر کام جاری ہے، جبکہ مخصوص مقامات پر گڑھے بنا کر موٹرز کے ذریعے پانی کو مرکزی سیوریج سسٹم میں منتقل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
کمشنر عبدالعامر خٹک نے ہدایت کی کہ تمام اقدامات اسپتال کی عمارت کی ساختی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں اور عارضی نہیں بلکہ دیرپا اور مؤثر حل اختیار کیا جائے۔ انہوں نے مسئلے پر جامع رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور واسا کے ساتھ مل کر فوری تکنیکی اقدامات کیے جائیں تاکہ اس سنگین مسئلے کو جلد حل کیا جا سکے۔