سندھ کے وزیراعلیٰ اور ورلڈ بینک نے کراچی کے کے فور واٹر پروجیکٹ کو تیز کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات
کراچی: سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورمہ امگابازار کے درمیان ہونے والے اہم اجلاس میں شہر کے دیرینہ پانی کے بحران کے حل کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ (کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی) کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اس اجلاس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کے فور پروجیکٹ کو کراچی کے مستقبل کے پانی کے تقاضوں کے لیے انتہائی اہم قرار دیا اور تمام تکنیکی و انتظامی رکاوٹوں کو دور کرنے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی جدید اور موثر پانی کی فراہمی کے نظام کی متقاضی ہے اور تمام جاری منصوبوں کو معیاری سطح پر وقت پر مکمل کیا جانا چاہیے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر ناصر شاہ، جام خان شورو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، اعلیٰ سرکاری حکام اور ورلڈ بینک کے نمائندگان نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ تین مراحل پر مشتمل کے فور پروجیکٹ کو دہائیوں سے تاخیر، لاگت میں اضافے اور فنڈز کی کمی کا سامنا ہے، تاہم وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے مقرر کردہ نئی ڈیڈ لائن دسمبر 2026 کے ساتھ حکام پہلے مرحلے کی تکمیل پر پر امید ہیں جس کے تحت شہر کو 260 ملین گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جائے گا۔