سندھ میں پانی اور زمین کا حساب: دستیابی اوراستعمال کا جائزہ: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کی رپورٹ

سندھ میں پانی اور زمین کے انتظام کا نظام پیچیدہ، اعداد و شمار نامکمل اور آبی وسائل کی تقسیم غیر مؤثر ہے، جس کے باعث زرعی، شہری اور صنعتی ضروریات کے لیے پانی کی دستیابی اور استعمال کا درست تخمینہ لگانا مشکل ہوگیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کی رپورٹ ’سندھ میں پانی اور زمین کا حساب: دستیابی اور استعمال کا جائزہ‘ میں صوبائی حکومت کو بارش، زیرزمین پانی، نہری نظام، جھیلوں، ذخائر اور دریاؤں سمیت تمام آبی وسائل کا جامع جائزہ لینے کی سفارش کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ آبپاشی اور محکمہ زراعت کے اعداد و شمار میں تضادات ہیں، جبکہ فصلوں کے سروے، زرعی زمین کی حدود اور آبپاشی کے طریقوں سے متعلق معلومات بھی نامکمل ہیں۔ پانی کی سرکاری تقسیم اور اصل استعمال کے درمیان فرق بڑھ رہا ہے۔

ایف اے او نے سفارش کی ہے کہ سندھ حکومت پانی کے استعمال، دستیابی اور تقسیم کی نگرانی کے لیے سالانہ اور موسمی بنیادوں پر صوبائی نظام قائم کرے، تاکہ زراعت، شہری آبادی، صنعت اور ماحولیات کی ضروریات کا بہتر تعین کیا جا سکے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانی کے انتظام کو صرف نہروں کے نقصانات تک محدود رکھنے کے بجائے تمام آبی وسائل اور ان کے استعمال کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔ اس مقصد کے لیے بارش، زیرزمین پانی، چھوٹے ڈیموں اور نکاسی آب کے نظام کو بھی منصوبہ بندی میں شامل کرنا ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں