عوام کا چشتیاں کو ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ

 سوشل میڈیا پر 4 نئے اضلاع بنانے کی خبروں عوام میں بے چینی پیدا کردی، منتخب عوامی نمائندوں نے چپ سادھ لی۔

چشتیاں: پنجاب میں پتوکی، دیپالپور، ہارون آباد اور حاصل پور کو چار نئے ضلع کا درجہ دینے کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان علاقوں کو مبینہ طور پر جلد ضلعی حیثیت دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے چشتیاں کے عوام میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔

چشتیاں کے عوام کا کہنا ہے کہ ان کا دیرینہ مطالبہ چشتیاں کو ضلعے کا درجہ دیا جائے مگر افسوس کہ آج تک اسے تسلیم نہیں کیا گیا۔ ان کا سوال ہے کہ اگر واقعی نئے اضلاع بنائے جا رہے ہیں اور سوشل میڈیا خبروں میں صداقت ہے تو چشتیاں کے عوام کے دیرینہ مطالبے کو بھی تسلیم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

شہریوں کے مطابق بہترین محل وقوع، تجارت، زراعت، ریونیو اور رقبے کے لحاظ سےتحصیل چشتیاں ضلع بنانے کے لیے ہر طرح سے موزوں ہے۔ یہاں کے عوام نے ہمیشہ سیاستدانوں کو عزت بخشی اور اقتدار کے ایوانوں تک پہنچایا۔ لیکن ان عوامی نمائندوں کا اس طرح کے عوامی مطالبات پہ چپ سادھ لینا اپنے عوامی مینڈیٹ سے انحراف ہے اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ عوامی نمائندے چشتیاں کو اس کا جائز حق یعنی ضلع کا درجہ دلوانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

مقامی صحافتی تنظیموں، تاجروں، وکلاء برادری اور سیاسی و سماجی تنظیموں پر بھی زور دیا جا رہا ہے کہ وہ مل بیٹھ کر اس جائز حق کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ چشتیاں کے عوام نے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے علاقائی پسماندگی کے خاتمے اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے چشتیاں کو ضلعی حیثیت دلوانے کے لیے بھرپور آواز بلند کرنے کا عزم کیا ہے۔

متعلقہ خبریں