چشتیاں میں بیوٹیفکیشن منصوبوں میں ناقص میٹیریل کے استعمال پرسوالات، مقامی ایم این اے کے رویے پر سیاسی مخالفین کی تنقید
چشتیاں: شہر میں جاری بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک تقریب کے دوران ایک صحافی کی جانب سے کیے گئے سوالات اور انکے نامناسب جوابات کے بعد مقامی سیاسی ماحول میں ایک نئی تلخی نے جنم لیا ہے۔
تقریب کے دوران بعض مقامی صحافیوں اور اینکرز نے شہر میں بیوٹیفکیشن منصوبوں اور بعض ترقیاتی کاموں کے معیار اور اس میں ناقص میٹیریل کے استعمال سے متعلق سوالات اٹھائے، جس پر رکن قومی اسمبلی احسان الحق باجوہ نے قدرے غیر شائستہ انداز میں اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو اور بیانات کے مطابق ناقدین کا مؤقف ہے کہ ایم این اے کی گفتگو میں شہریوں اور اپنے ووٹرز کے حوالے سے نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے، جس پر مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔
شہری حلقوں نے اس وڈیو پہ اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی نمائندے اپنے حلقہ کی عوام کو جوابدہ ہیں اورکسی بھی اختلافِ رائے اور عوامی تنقید کا جواب شائستگی اور برداشت کے ساتھ دیں تاکہ مثبت جمہوری روایات کو فروغ مل سکے۔