پاکستان ریلوے کی جانب سے ریلوے ٹریک کے اطراف مکانات مسمار کرنے کے خلاف پیپلز پارٹی کا لاڑکانہ میں احتجاج

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی تنظیم نے میئر انور علی نواز لوہار کی قیادت میں جمعے کو ریلوے ٹریک کے اطراف قائم مکانات مسمار کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔

ریلی میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور متاثرہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی بیگم نصرت بھٹو لائبریری ہال سے شروع ہوکر شہر کے ریلوے اسٹیشن پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور پاکستان ریلوے کی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے کہا کہ لاڑکانہ کراچی ریلوے ٹریک کے اطراف غریب خاندانوں کے مکانات اور دیگر تعمیرات مسمار کرنے سے سیکڑوں خاندان بے گھر ہونے کا خدشہ ہے۔

ریلی میں ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمین وقار بھٹو، یونین کونسل کے چیئرمین شفیق احمد چانڈیو اور پیپلز پارٹی کے سینئر کارکن سرفراز کھوکھر بھی شریک تھے۔

مظاہرین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر انور علی نواز لوہار نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا انہدامی عملہ گزشتہ 15 روز سے مبینہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے نام پر لوگوں کے گھر، جھونپڑیاں اور دیگر تعمیرات مسمار کررہا ہے۔ انہوں نے اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے 2022 کے سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب ان علاقوں کے رہائشیوں کو امداد اور ریسکیو کی ضرورت تھی تو ریلوے انتظامیہ نے ان کی فریاد پر توجہ نہیں دی۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی جمیل احمد سومرو نے ریلوے کالونی میں امدادی اور بحالی کے کام کروائے تھے۔ میئر نے سوال اٹھایا کہ جب علاقے میں ترقیاتی کام کیے جارہے تھے تو ریلوے انتظامیہ نے زمین کی ملکیت کا دعویٰ کیوں نہیں کیا اور اب کارروائی کیوں شروع کردی ہے۔

میئر نے الزام عائد کیا کہ جاری آپریشن میں صرف لاڑکانہ اور سندھ کے دیگر شہروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جبکہ پنجاب میں پاکستان ریلوے کی زمینوں پر قائم بڑی رہائشی عمارتوں کے خلاف ایسی کارروائی نہیں کی جارہی۔

انہوں نے لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن اسٹیڈیم کے قریب پارکوں کو بھی میونسپل کارپوریشن کی اجازت کے بغیر تجارتی مقاصد کے لیے دوسروں کے حوالے کرنے پر سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ میونسپل کارپوریشن نے ان پارکوں کی دیکھ بھال اور وہاں شجرکاری کی ہے، جبکہ ایسے فیصلوں سے نکاسی آب اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

میئر نے مزید الزام لگایا کہ جمعرات کو انہدامی کارروائی کے دوران ریلوے اہلکاروں نے متعدد غریب شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ ان کے مطابق واقعے کے بعد میونسپل کارپوریشن نے مداخلت کرکے کارروائی رکوا دی۔

انور علی نواز لوہار نے خبردار کیا کہ اگر آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا تو میونسپل کارپوریشن متاثرہ شہریوں کے ساتھ مل کر اس کی مزاحمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی لاڑکانہ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

متعلقہ خبریں