سندھ میں نئے صوبے کی تشکیل کا راستہ بند ہوچکا ہے: نثار کھوڑو

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی نے نئے صوبوں کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرکے صوبے میں نئے صوبے کی تشکیل کا آئینی راستہ بند کردیا ہے۔

پی ایس 15 میروخان کے مختلف دیہات میں ترقیاتی اسکیموں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کا اختیار متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کے پاس ہے، پارلیمنٹ کے پاس نہیں۔ کسی نئے صوبے کے قیام کے لیے متعلقہ اسمبلی کی دو تہائی اکثریت سے قرارداد ضروری ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ اسمبلی نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے خلاف چھ مرتبہ قراردادیں منظور کرچکی ہے، اس لیے اس بحث کو ختم ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نئے صوبے بنانے ہیں تو گلگت بلتستان اور پنجاب میں بنائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کو نچلی سطح پر عوامی مسائل حل کرنے کے لیے بااختیار بنایا ہے۔ صوبے کی تمام مقامی کونسلوں کو سالانہ 150 ارب روپے سے زائد او زیڈ ٹی فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ ہر یونین کونسل کو مقامی ترقیاتی کاموں کے لیے ماہانہ 10 لاکھ روپے دیے جاتے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ جن صوبوں میں بلدیاتی نظام موجود نہیں اور انتخابات نہیں ہوئے، وہاں اس معاملے پر کوئی سوال کیوں نہیں اٹھاتا؟

متعلقہ خبریں