شرجیل میمن کا سعد رفیق کو جواب، "پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرائیں، پھر کراچی پر تنقید کریں”
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے کراچی کے بلدیاتی نظام سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے والی جماعت کو دوسرے صوبوں کے مقامی حکومتوں کے نظام پر تنقید کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ اگر بلدیاتی نظام واقعی جمہوریت کی بنیاد ہے تو مسلم لیگ (ن) پہلے پنجاب کے عوام کو ان کا آئینی حق دے اور وہاں بلدیاتی انتخابات کرائے، اس کے بعد سندھ یا کراچی کے نظام پر سوالات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے آئین اور قانون کے مطابق بلدیاتی انتخابات کروا کر عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق دیا، جبکہ پنجاب کے عوام اب بھی اس بنیادی جمہوری حق سے محروم ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات مکمل طور پر آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق منعقد ہوئے اور عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے مقامی نمائندوں کا انتخاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فیصلے کا احترام ہر سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مضبوط بلدیاتی نظام، بااختیار مقامی حکومتوں اور جمہوری اداروں پر یقین رکھتی ہے، جبکہ دوہرا معیار اپنانے والی سیاست زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی۔
یہ بیان خواجہ سعد رفیق کی جانب سے کراچی کے بلدیاتی نظام پر کی گئی حالیہ تنقید کے ردعمل میں سامنے آیا ہے، جس کے بعد دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان بلدیاتی نظام اور جمہوری عمل پر سیاسی بحث مزید تیز ہو گئی ہے۔