اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن پر ڈی ایس پی معطل، محکمانہ انکوائری کا حکم
لاہور: انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عبدالکریم نے اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال اور کرپشن کے الزامات پر سول لائنز آپریشنز لاہور کے ڈی ایس پی خرم شہزاد چیمہ کو معطل کر دیا ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق معطل افسر کو آئندہ احکامات تک سنٹرل پولیس آفس (سی پی او) رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ہیڈکوارٹرز ڈی آئی جی ڈاکٹر محمد عابد خان نے معطلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے ڈی ایس پی خرم شہزاد چیمہ کے خلاف محکمانہ انکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔ انکوائری مکمل ہونے کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق مزید محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف شفاف اور غیر جانبدار احتساب کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔