بہاولنگر میں اینٹی سموگ گن کا افتتاح، فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز

بہاولنگر : ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سموگ کے خاتمے اور شہریوں کو صاف، صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں بہاولنگر میں اینٹی سموگ گن کا افتتاح کر دیا گیا، جس کی افتتاحی تقریب میں متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد نے کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اینٹی سموگ گن کے استعمال سے شہر میں فضائی آلودگی، گردوغبار اور مضر ذرات میں کمی لانے میں مدد ملے گی، جس سے شہریوں کو بہتر فضائی معیار میسر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران یہ اقدام عوامی صحت کے تحفظ کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے اور شہر میں ماحول دوست اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اینٹی سموگ گن کو شہر کے مختلف علاقوں میں مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ گردوغبار اور فضائی آلودگی میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی ستھرائی اور ماحول کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

Source: Bahawalnagar.pk

متعلقہ خبریں