سرگودھا: پنجاب حکومت کی جانب سے جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے قائم کیا گیا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھاجلد عوام کے لیے فعال ہونے جا رہا ہے۔ اس جدید امراضِ قلب کے اسپتال کا باقاعدہ افتتاح آئندہ چند روز میں قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کریں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ پنجاب میں جدید اور معیاری صحت کی سہولیات کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ انسٹی ٹیوٹ میں دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو جدید تشخیص، علاج اور آپریشن کی سہولیات ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، سرگودھا سمیت خوشاب، میانوالی، بھکر، حافظ آباد اور گردونواح کے لاکھوں شہریوں کے لیے امراضِ قلب کے معیاری علاج کو ان کی دہلیز تک پہنچانے کے عزم کی عملی تعبیر ہے، جس سے مریضوں کو بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت بھی کم ہو جائے گی۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد پنجاب بھر میں جدید، معیاری اور آسان طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔