کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ذہنی صحت کا پہلا باضابطہ لائحہ عمل تیار کیا ہے، جس کا مقصد صوبے میں ذہنی صحت کی خدمات کا پائیدار اور مؤثر نظام قائم کرنا ہے۔
عالمی یومِ ذہنی صحت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں ذہنی صحت کی اہمیت اجاگر کرنا اور دماغی امراض سے متعلق شعور بیدار کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ڈپریشن اور دیگر ذہنی مسائل کی ابتدائی علامات کی شناخت کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو خصوصی تربیت فراہم کی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے خواتین میں حمل اور بچے کی پیدائش کے بعد ذہنی دباؤ اور دیگر پیچیدگیوں کی بروقت نشاندہی اور علاج میں مدد ملتی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے 2017 میں سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی (ایس ایم ایچ اے) قائم کی تھی، جبکہ حال ہی میں اتھارٹی نے تمام متعلقہ شراکت داروں کے اشتراک سے سندھ مینٹل ہیلتھ پالیسی 2023-2030 کا بھی آغاز کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق یہ ملک کی پہلی صوبائی ذہنی صحت پالیسی ہے، جو ذہنی صحت کے شعبے میں مؤثر اور دیرپا نظام کی تشکیل کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی صحت کے مسائل کے بارے میں معاشرتی آگاہی بڑھانے، ان سے وابستہ منفی رویوں اور غلط فہمیوں کو دور کرنے اور متاثرہ افراد کو علاج کی طرف راغب کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ذہنی صحت کو نظرانداز کرنے کے بجائے اسے صحتِ عامہ کا اہم حصہ سمجھنا چاہیے تاکہ ضرورت مند افراد بروقت مدد اور مناسب علاج حاصل کرسکیں۔