چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی جانب سے میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں تقریب، لیپ ٹاپ اور اعزازی شیلڈز تقسیم
کراچی (نمائندہ خصوصی): کراچی بھر میں میٹرک گروپ سائنس کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اپنے دفتر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جہاں کامیاب طلبہ کو خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں جماعت اسلامی ضلع شمالی کے امیر طارق مجتبیٰ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف اور طارق مجتبیٰ نے کامیاب طلبہ کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
تقریب میں کراچی بھر میں میٹرک گروپ سائنس کے امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ازلان سید، جن کا تعلق فیلکن پبلک اسکول، نیو کراچی ٹاؤن سے ہے، جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ عائشہ عدنان، جن کا تعلق عثمان پبلک اسکول کیمپس 01، نارتھ کراچی سے ہے، کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ازلان سید کو ان کی غیر معمولی تعلیمی کارکردگی کے اعتراف میں لیپ ٹاپ بطور انعام پیش کیا، جبکہ ازلان سید اور عائشہ عدنان دونوں کو اعزازی شیلڈز اور پھولوں کے گلدستے دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ میٹرک گروپ سائنس کے امتحانات میں پہلی اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کا تعلق نیو کراچی ٹاؤن سے ہونا پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہونہار طلبہ نہ صرف نیو کراچی بلکہ پورے کراچی کا سرمایہ اور مستقبل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محنت، لگن اور نظم و ضبط کامیابی کی اصل کنجی ہیں اور یہ طلبہ دیگر نوجوانوں کے لیے بہترین مثال ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی میں پیش پیش رہی ہے اور مستقبل میں بھی ایسے طلبہ کی ہر ممکن سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔
چیئرمین محمد یوسف نے مزید کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، اسی لیے نیو کراچی ٹاؤن میں باصلاحیت طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان نسل تعلیم کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کرے اور ملک و قوم کا نام روشن کرے۔
انہوں نے کامیاب طلبہ کے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی کامیابی میں والدین کی محنت، رہنمائی اور بہترین تربیت کے ساتھ اساتذہ کی انتھک کاوشوں کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ کے روشن مستقبل، اعلیٰ تعلیم اور قومی ترقی میں ان کے مؤثر کردار کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔