نیو کراچی ٹاؤن میں نوجوانوں کے لیے مفت آئی ٹی تعلیم کا معاہدہ

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے الخدمت بنو قابل پروگرام کے ڈائریکٹر فاروق سلیمانی کے ساتھ معاہدہ کرلیا۔

معاہدے کے تحت نیو کراچی ٹاؤن کے طلبہ و طالبات کو حکیم احسن لائبریری، سیکٹر 11-L میں مفت آئی ٹی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر اور امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ بھی موجود تھے۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی کے نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقصد نوجوانوں کو صرف تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں ایسے جدید ہنر سے آراستہ کرنا ہے جس کے ذریعے وہ باعزت روزگار حاصل کرکے خود انحصاری کی جانب بڑھ سکیں۔

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت صرف سڑکیں اور عمارتیں تعمیر کرنے تک محدود نہیں، بلکہ نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنانا بھی عوامی خدمت کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنو قابل کے تعاون سے مفت آئی ٹی تعلیم کا منصوبہ اسی سوچ کی عملی شکل ہے اور نیو کراچی کے نوجوانوں کو ترقی کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

الخدمت بنو قابل پروگرام کے ڈائریکٹر فاروق سلیمانی نے چیئرمین محمد یوسف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے تعاون اور تعلیمی سرگرمیوں کے لیے جگہ فراہم کرنا قابلِ قدر اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں مفت آئی ٹی تعلیم کی سہولت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے متعلق مہارتیں حاصل کرنے، روزگار کے مواقع تک رسائی اور خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہونے میں مدد دے گی۔

متعلقہ خبریں