پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاج کا اعلان، کراچی میں احتجاجی مہم کی تفصیلات آج جاری ہوں گی
کراچی: جماعت اسلامی کراچی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور روزانہ قیمتوں کے تعین کے نظام کے خلاف ملک گیر احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈالنے والے فیصلے قابل قبول نہیں۔
جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں بھاری ٹیکس وصولی کے خلاف پورے ملک میں مسلسل اور بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان جمعرات 23 جولائی کو صبح 11 بجے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کے دوران کراچی میں ہونے والے احتجاجی پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے، جبکہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن پہلے ہی 7 اگست کو ملک گیر احتجاج اور دھرنوں کا اعلان کر چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے اضافے سے عام شہری، نوجوان، طلبہ، تاجر، صنعتکار، ٹرانسپورٹرز اور دیگر طبقات شدید متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ اس پالیسی نے کاروباری سرگرمیوں اور معیشت میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ تاجر و صنعتکار تنظیموں اور پیٹرول پمپ مالکان کی ایسوسی ایشن بھی اس فیصلے کو مسترد کر چکی ہے، تاہم حکومت عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے پر قائم ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مہنگائی کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔
جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا نظام ختم کیا جائے، پیٹرولیم لیوی کی وصولی بند کی جائے اور پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے تاکہ عوام اور مختلف معاشی شعبوں کو مستقل بنیادوں پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔