خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری، الیکشن کمیشن نے مشاورت کا آغاز کر دیا
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ باضابطہ مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں کمیشن کے ارکان، سیکریٹری الیکشن کمیشن، خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے زور دیا کہ آئین کے آرٹیکل 140-اے کے تحت بلدیاتی اداروں کا قیام اور بروقت انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے۔ الیکشن کمیشن کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں بلدیاتی اداروں کی مدت 14 مارچ اور 19 جون 2026 کو ختم ہو چکی ہے، جبکہ متعلقہ 23 اضلاع میں حلقہ بندیاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں اور کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 219 کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، تاہم انتخابی شیڈول جاری کرنے سے قبل قانون کے مطابق صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔
خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری نے اجلاس کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے بعد انتخابی تاریخ سے متعلق سمری فوری طور پر صوبائی کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے اور صوبائی حکومت انتظامی طور پر انتخابات کے انعقاد میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 15 روز بعد دوبارہ مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان متوقع ہے۔