میئر کراچی نے منگھوپیر روڈ پر 412 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ ڈوئل کیرج وے کا افتتاح کر دیا

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منگھوپیر روڈ پر خواجہ اجمیر نگری چورنگی سے ڈیڈیکس فیکٹری تک تعمیر ہونے والی جدید ڈوئل کیرج وے کا افتتاح کر دیا۔ 1.8 کلومیٹر طویل اس منصوبے پر 412 ملین روپے سے زائد لاگت آئی ہے اور اسے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہری انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت دونوں اطراف 10.25 میٹر چوڑی سڑکیں، جدید سنٹرل میڈین، کرب بلاکس، روڈ مارکنگ، مؤثر نکاسی آب کا نظام اور دیگر شہری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت بھی میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مختلف حکومتوں نے اس علاقے کی ترقی کے وعدے کیے لیکن عملی اقدامات نہیں کیے گئے، جبکہ اب منگھوپیر کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا گیا ہے۔ میئر نے اس موقع پر 86.895 ملین روپے کی لاگت سے 700 میٹر طویل 48 انچ قطر کی پانی کی سپلائی لائن کی بحالی کا منصوبہ مکمل ہونے کا بھی اعلان کیا۔

حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت 16 ٹی کنیکشنز نصب کیے گئے، تقریباً 4,000 لیکیجز کی مرمت کی گئی، 2,400 غیر قانونی پانی کے کنکشن ختم کیے گئے اور 54 گلیوں میں نئی چار انچ قطر کی پانی کی لائنیں بچھائی گئیں۔ اس کے علاوہ 53 ڈبل آرم اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئیں جبکہ سیوریج نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بھی بہتر بنایا گیا تاکہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ خبریں