پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ہے، حکومت کے گھٹنے ٹیکنے تک دھرنا جاری رہے گا: حافظ نعیم

لاہور (نمائندہ خصوصی): جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی دراصل عوام پر عائد کیا جانے والا ’’بھتہ ٹیکس‘‘ ہے اور حکومت کے پٹرولیم لیوی واپس لینے تک احتجاجی دھرنا جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں فیصل چوک، مال روڈ پر پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آج دھرنے کا آغاز کر دیا ہے اور یہ احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ بات چیت کا بنیادی مطالبہ واضح ہے کہ پٹرولیم لیوی واپس لی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر اضافی بوجھ پہلے ہی مہنگائی سے پریشان عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کر رہا ہے، اس لیے حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم لیوی واپس لینا ہوگی۔

جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف کراچی، لاہور اور پشاور میں گورنر ہاؤسز کے باہر احتجاجی دھرنےجاری ہیں۔ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ احتجاج کا مقصد حکومت پر پٹرولیم لیوی واپس لینے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔

متعلقہ خبریں