کمشنر بہاولپور نے چشتیاں کے مرکزی بازاروں کی بیوٹیفکیشن منصوبے کا افتتاح کردیا۔

چشتیاں کے مرکزی بازاروں کی بیوٹیفکیشن 304ارب روپے کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا حصہ ہے۔

چشتیاں: کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے چشتیاں کے مرکزی بازاروں میں بیوٹیفکیشن منصوبے کا افتتاح کردیا، جس کا مقصد شہر کے مرکزی تجارتی علاقوں کی خوبصورتی، صفائی اور شہری سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ متعلقہ محکمے منصوبے کی بروقت تکمیل کے ساتھ کام کے معیار اور خوبصورتی کو بھی یقینی بنائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بازاروں میں صفائی ستھرائی، ٹریفک کے انتظام اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں اور تاجروں کو بہتر ماحول فراہم کیا جاسکے۔

کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کے مختلف شہروں میں عوامی سہولیات بہتر بنانے، بازاروں کو خوبصورت بنانے اور شہری علاقوں کے ماحول کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو سہولیات کی فراہمی اور شہری علاقوں کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کا بھی ذکر کیا۔

ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا کہ ضلع بھر میں شہری سہولیات کی بہتری اور حکومتی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ محکمے متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چشتیاں کے مرکزی بازاروں کی بیوٹیفکیشن بھی اسی سلسلے کا اہم منصوبہ ہے، جس سے شہریوں اور تاجروں کو بہتر ماحول میسر آئے گا۔

قبل ازیں کمشنر بہاولپور ڈویژن نے مین بازار، ریل بازار اور چمن بازار میں بیوٹیفکیشن منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبے، جاری اور مجوزہ ترقیاتی کاموں اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔

تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور ڈویژن غازی صلاح الدین، رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری احسان الحق باجوہ، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عمران، اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

کمشنر نے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بازاروں کی خوبصورتی کے ساتھ صفائی، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی امور پر بھی توجہ دی جائے تاکہ منصوبے کے نتیجے میں شہریوں اور تاجروں کو عملی سہولت حاصل ہو۔

متعلقہ خبریں