گوجرانوالہ پاسپورٹ آفس کا پورا عملہ فارغ، وفاقی وزیر داخلہ کا اچانک دورہ

گوجرانوالہ،: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کرتے ہوئے دفتری اوقات ختم ہونے سے قبل پورا دفتر بند اور عملے کو غیر حاضر پائے جانے پر تمام عملے کو ہٹانے کا حکم دے دیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اچانک گوجرانوالہ ریجنل پاسپورٹ آفس پہنچے تو وہاں سرکاری اوقاتِ کار ختم ہونے سے قبل صرف ایک اہلکار موجود تھا، جبکہ باقی تمام عملہ غیر حاضر تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کی آمد کے وقت دفتر میں صفائی کا کام جاری تھا، جبکہ شہریوں کو بھی دفتر کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔

دفتر میں موجود واحد اہلکار بھی دیگر عملے کی غیر حاضری سے متعلق وزیر داخلہ کے سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکا، جس پر محسن نقوی نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے گوجرانوالہ ریجنل پاسپورٹ آفس کے پورے عملے کو ہٹانے کے احکامات جاری کیے، جن پر فوری طور پر عمل درآمد بھی کر دیا گیا۔

متعلقہ خبریں