کراچی میں 35 ایم جی ڈی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح، مزید 65 ایم جی ڈی منصوبے کا سنگ بنیاد

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہارون آباد، گٹر باغیچہ میں 35 ملین گیلن یومیہ ثانوی سیوریج ٹریٹمنٹ سہولت کا افتتاح کردیا، جبکہ مزید 65 ایم جی ڈی گنجائش کے ٹریٹمنٹ پلانٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔

اس موقع پر سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ہارون آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ-I کو کراچی میں پانی کے تحفظ، پائیدار صنعتی ترقی اور پانی کی بڑھتی ہوئی قلت سے نمٹنے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہارون آباد میں قائم ہونے والا منصوبہ پاکستان کا اپنی نوعیت کا پہلا بڑے پیمانے کا Wastewater Treatment and Reuse Project ہے، جس کے ذریعے سیوریج کے پانی کو صاف کرکے صنعتی استعمال کے قابل بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت صنعتوں کو روزانہ 35 ملین گیلن صاف شدہ پانی فراہم کیا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں اتنی ہی مقدار میں میٹھا پانی، جو اس وقت صنعتوں کو فراہم کیا جارہا ہے، کراچی کے شہریوں کے گھریلو استعمال کے لیے دستیاب ہوسکے گا۔

سید مراد علی شاہ کے مطابق ٹریٹمنٹ پلانٹ سے حاصل ہونے والے پانی کے معیار کی جانچ کی جاچکی ہے اور اسے صنعتی استعمال کے لیے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ پلانٹ آئندہ چند روز میں مکمل استعداد کے ساتھ پانی کی فراہمی شروع کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور کراچی میں پانی کی قلت، آبادی میں اضافے اور صنعتی ضروریات میں مسلسل اضافے کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک عملی حل فراہم کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ منصوبہ مالی طور پر بھی پائیدار ہوگا کیونکہ صنعتیں ٹریٹ کیا گیا پانی خریدیں گی، جس سے منصوبے کے آپریشنل اخراجات اس کی آمدنی سے پورے کیے جاسکیں گے۔ ان کے مطابق منصوبہ فعال ہونے کے بعد معمول کے آپریشنز کے لیے سندھ حکومت کو اضافی مالی معاونت فراہم کرنے کی ضرورت بڑی حد تک نہیں رہے گی۔

سید مراد علی شاہ نے کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور منصوبے میں شریک تمام اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تکمیل حکومت اور نجی شعبے کے اشتراک سے حاصل ہونے والے نتائج کی ایک مثال ہے۔

تقریب میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزرا، کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، صنعتکاروں، ترقیاتی شراکت داروں، تکنیکی ماہرین اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں متعدد عوامی فلاحی اور ترقیاتی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں اور حکومت کی ترجیح محض افتتاحی تقریبات نہیں بلکہ شہریوں کو بہتر خدمات اور عملی فوائد کی فراہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہارون آباد کا ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اینڈ ری یوز منصوبہ کراچی کے میٹھے پانی کے وسائل پر دباؤ کم کرنے، ماحولیاتی پائیداری بہتر بنانے اور صنعتوں کے لیے پانی کا ایک قابل اعتماد متبادل ذریعہ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ خبریں