پنجاب محکمہ ماحولیات اور یونیورسٹی آف لاہور میں ماحولیاتی تعاون کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور میں میواکی جنگل کا افتتاح، فضائی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق

لاہور: محکمہ تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پنجاب اور یونیورسٹی آف لاہور کے درمیان ماحول کے تحفظ، موسمیاتی اقدامات، پائیداری، تحقیق اور عملی منصوبوں کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک تعاون کے فریم ورک پر دستخط ہوگئے۔

یونیورسٹی آف لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران شہری شجرکاری، حیاتیاتی تنوع اور موسمیاتی لچک کو فروغ دینے کے مقصد سے میاوکی جنگل کا بھی افتتاح کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کی سیکریٹری ماحولیات سلوٹ سعید نے کہا کہ محکمہ ماحولیات یونیورسٹی کے ساتھ مل کر ٹیکنالوجی پر مبنی ماحولیاتی تعلیم اور عملی تربیت کو فروغ دے گا، جبکہ فضائی معیار کے انتظام کے لیے علمی اور تکنیکی تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز، بالخصوص جامعات، ماہرین اور نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔

سلوٹ سعید نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب مستقبل کا دور کا خطرہ نہیں بلکہ ہمارے دروازے پر موجود حقیقت ہے۔ حالیہ ہیٹ ویوز، پانی کی قلت اور آنے والے اسموگ سیزن نے پنجاب کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز کی سنگینی واضح کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل صحت عامہ، معیشت، پیداواری صلاحیت اور معیار زندگی کو متاثر کر رہے ہیں، اس لیے ماحولیاتی تحقیق کو عملی اقدامات اور قابلِ پیمائش اہداف میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

سیکریٹری ماحولیات نے جامعات اور ماہرین کے تعاون سے کلائمیٹ لیبارٹریز قائم کرنے کی تجویز بھی دی، جن کے ذریعے لاہور میں فضائی آلودگی کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی اور سائنسی بنیادوں پر ان کے حل تلاش کیے جاسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ماحولیاتی انجینئرز، کلائمیٹ فنانس کے ماہرین اور ماحولیاتی قانون کے ماہرین کی طلب میں اضافہ ہوگا، جس کے باعث تعلیمی اداروں اور سرکاری محکموں کے درمیان تعاون مزید اہمیت اختیار کر جائے گا۔

یونیورسٹی آف لاہور کے بورڈ آف گورنرز کی رکن امارا اویس نے محکمہ ماحولیات کی جانب سے طلبہ اور فیکلٹی کو محکمہ کے دفاتر کے دوروں کی سہولت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے شرکاء نے تحقیق، تعلیم، فضائی معیار کی نگرانی اور ماحول کے تحفظ سے متعلق عملی اقدامات میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں