اسلام آباد: بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو روز کی توسیع
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں 20 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں دو روز کی توسیع کر دی ہے۔
پہلے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدواروں کو 2 سے 6 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرانا تھے، تاہم چار روزہ مدت ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے یہ تاریخ بڑھا کر 8 نومبر کر دی۔ ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں نے کمیشن سے تاریخ میں توسیع کی درخواست کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پولنگ کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور انتخابات 20 دسمبر کو ہی ہوں گے۔
اسلام آباد کی مقامی حکومت کی مدت فروری 2021 میں ختم ہو گئی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن کو 120 روز کے اندر انتخابات کرانے تھے۔ تاہم وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں اور انتخابی شیڈول کے اجرا کے مراحل میں مصروف رہے، جبکہ مختلف اوقات میں انتخابات ملتوی ہوتے رہے۔
اسلام آباد میں حلقہ بندیوں اور یونین کونسلز کی تشکیل کا عمل چھ مرتبہ مکمل کیا گیا، جبکہ انتخابی شیڈول چار بار جاری کیا گیا۔ آخری شیڈول کے تحت پولنگ فروری 2026 میں ہونا تھی۔
بعد ازاں مقامی حکومت کے قانون میں ترامیم کے لیے ایک آرڈیننس جاری کیا گیا، جس کی مدت 6 ستمبر کو ختم ہو گئی۔
الیکشن کمیشن نے گزشتہ ماہ فیصلہ کیا تھا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات مقامی حکومت ایکٹ 2015 کے تحت کرائے جائیں گے، جو تاحال نافذ العمل ہے۔
اس فیصلے کے تحت انتخابات 50 حلقوں میں ہوں گے، جس کے بعد 2015-16 کے سابقہ انتخابات کی طرح میئر اور ڈپٹی میئرز کا انتخاب کیا جائے گا۔