اسلام آباد: ملک کے 97 ہائی رسک اضلاع میں 2026 کی تیسری ذیلی قومی انسداد پولیو مہم شروع
مہم کے دوران 2 سے 8 نومبر تک تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں مہم کا افتتاح کرتے ہوئے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ مہم میں 2 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز حصہ لے رہے ہیں اور یہ پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت چلائی جائے گی۔
وزیر صحت نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ترجیح ہے، خصوصاً جنوبی خیبر پختونخوا میں وائرس کی موجودگی تشویش کا باعث ہے۔ حکومت سیکیورٹی اور رسائی کے مسائل حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ کام کررہی ہے۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے ٹیموں سے تعاون کریں۔ پاکستان میں 1994 میں انسداد پولیو پروگرام کے آغاز کے بعد کیسز میں 99.8 فیصد کمی آئی ہے۔ 2025 میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال اب تک سات کیسز سامنے آئے ہیں۔
پولیو کا کوئی علاج نہیں اور یہ عمر بھر کی معذوری یا موت کا سبب بن سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے، اس لیے ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلانا ضروری ہے۔