سرکاری اسپتالوں میں پرچی سسٹم چار ہفتوں میں ختم کرنے کا حکم
لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں پرچی سسٹم ختم کرنے کے اپنے وعدے پر چار ہفتوں میں سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
جسٹس ملک جاوید اقبال وائیں نے یہ ہدایت 2020 میں جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے چیئرمین اظہر صدیق کی جانب سے دائر عوامی مفاد کی درخواست کی سماعت کے دوران جاری کی۔
سماعت کے دوران اسپیشل سیکریٹری صحت نبیلہ عرفان عدالت میں پیش ہوئیں اور سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولتوں کی دستیابی، معیار اور استعداد سے متعلق جامع رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید وقت مانگا۔
انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ایمرجنسی اور او پی ڈی کے مریضوں کو رجسٹریشن کاؤنٹر سے پرچی حاصل کرنے یا طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کے بغیر فوری طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ محکمہ صحت مریضوں کے معائنے اور علاج کے عمل کو بہتر بنانے، تاخیر اور رش ختم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام بھی متعارف کرائے گا۔
عدالت نے قرار دیا کہ درخواست 2020 سے زیر التوا ہے، لیکن متعدد نوٹسز اور واضح ہدایات کے باوجود کسی فریق نے آج تک عمل درآمد رپورٹ جمع نہیں کرائی۔ جسٹس وائیں نے اس صورت حال کو عدالتی احکامات اور آئینی و قانونی ذمہ داریوں کے حوالے سے غیر سنجیدہ رویہ قرار دیا۔
عدالت نے حکومتی یقین دہانی ریکارڈ پر لیتے ہوئے حکام کو چار ہفتوں میں اس پر سختی سے عمل درآمد اور آئندہ سماعت سے قبل دستاویزی شواہد کے ساتھ تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔ تمام فریقین کو درخواست میں اٹھائے گئے اعتراضات اور عوام کو بنیادی طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی جامع رپورٹس پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔
جج نے خبردار کیا کہ قانونی جواز کے بغیر مزید عدم تعمیل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ذمہ دار افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوسکتی ہے۔
عدالت نے مزید سماعت چھ ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔