لاڑکانہ: ایمپائر روڈ پر پیٹرول پمپ میں آتشزدگی، گاڑیاں اور عمارت تباہ
لاڑکانہ: ایمپائر روڈ پر واقع ڈیٹا پیٹرول پمپ اینڈ سی این جی اسٹیشن میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب آگ لگنے سے پیٹرول پمپ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ ایک وین، ایک کار اور چار موٹر سائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو 1122 اور پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ آگ آئل ٹینکر کے انجن میں چنگاری سے لگی، جو اسٹیشن کے زیرِ زمین ٹینک میں ایندھن بھر رہا تھا۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پمپ کو لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن تقریباً تین گھنٹے جاری رہا۔ اسسٹنٹ کمشنر راجہ خان قریشی کے مطابق آگ لگنے کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ باضابطہ تحقیقات کا فیصلہ ابتدائی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔