گجرات کی مرکزی شاہراہ پانچ سال میں تیسری بار کھدائی کا شکار، تاجروں اور شہریوں کو مشکلات
گجرات: شہر کے تجارتی مرکز جلال پور جٹاں روڈ کی خستہ حالی اور بار بار کھدائی کے باعث شہریوں اور تاجروں کو کئی سال سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ پانچ برس کے دوران بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے اس سڑک کو تیسری مرتبہ کھودا گیا ہے۔
کچہری چوک سے بولے برساتی نالے تک سڑک کا تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر حصہ متاثر ہے، جہاں سیکڑوں دکانیں، متعدد اسکول، کالج اور رہائشی علاقے واقع ہیں۔
جنوری میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے شہر کے سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کے لیے 100 کیوسک پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔ اس منصوبے کے باعث سڑک تقریباً نو ماہ ٹریفک کے لیے بند رہی، تاہم کام تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔
تاجروں کے مطابق تاخیر سے انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا اور بعض کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوگئے۔ جلال پور جٹاں ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر شیخ افضل نے پنجاب حکومت سے منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کرنے اور شہری سیلاب کے مستقل مسئلے کے حل کا مطالبہ کیا۔
واسا حکام کے مطابق بارشوں اور زیر زمین پانی کی سطح بڑھنے کے باعث کچہری چوک کے قریب کام روکنا پڑا، جبکہ فنڈز کی کمی بھی تاخیر کی وجہ بنی۔ واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر کاشان حفیظ بٹ نے بتایا کہ گیس پائپ لائن ہٹانے کے بعد آئندہ چند روز میں کام دوبارہ شروع ہوگا، جبکہ بولے برساتی نالے سے کنکریٹ سڑک کی تعمیر بھی ایک ہفتے میں شروع کی جائے گی۔
ان کے مطابق پنجاب حکومت نے جاری نکاسی آب اور سیوریج منصوبوں کے لیے باقی فنڈز رواں مالی سال میں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔