سندھ میں پانی، زراعت اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کی دعوت
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چینی کمپنیوں کو صوبے کے پانی، زراعت اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کراچی کے لیے 100 کلومیٹر طویل کے فور پائپ لائن، سکھر بیراج کی بحالی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والی فصلوں کی تیاری میں تعاون طلب کیا ہے۔
چین کے شہر ووہان میں ایچ بی ایس زیڈ کمپنی کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے کے فور منصوبے پر تبادلہ خیال کیا اور سکھر بیراج کی بحالی کے لیے تیار کیے جانے والے گیٹس کا معائنہ کیا۔ حکام کے مطابق کمپنی نے 100 کلومیٹر پائپ لائن تعمیر کرنے پر آمادگی ظاہر کی، جبکہ وزیراعلیٰ نے کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔
سکھر بیراج کے 54 دریائی گیٹس میں سے 44 اور ان کے آپریٹنگ سسٹم تبدیل کرکے فعال کردیے گئے ہیں، جبکہ باقی 10 گیٹس جلد چین سے پاکستان منتقل کیے جائیں گے۔ کمپنی بیراج کے لیے 110 کینال گیٹس بھی تیار کررہی ہے۔ منصوبہ 30 جون 2027 تک مکمل ہونا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سکھر بیراج سندھ کی معاشی شہ رگ ہے اور 90 سال بعد اس کی باقاعدہ بحالی سے پانی کے بہاؤ میں بہتری آئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہواوے اور ہیومن ویل ہیلتھ کیئر گروپ کے ساتھ اسمارٹ گورننس، مصنوعی ذہانت اور ادویات سازی کے شعبوں میں تعاون کی بھی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے عوامی خدمات اور شہری انتظام بہتر بنانے کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
زرعی شعبے میں ووہان کی کمپنی چنگفا ہیشینگ ایگریکلچر ڈیولپمنٹ کے ساتھ ملاقات میں زیادہ پیداوار دینے والی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والی فصلوں کی اقسام، مقامی بیجوں کی پیداوار اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعلیٰ نے سندھ میں مشترکہ تحقیقی مراکز قائم کرنے اور مقامی حالات کے مطابق بیجوں کی تیاری، جانچ اور پیداوار بڑھانے کی تجویز دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی، پانی کی قلت اور سیلاب جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید بیج اور سائنسی طریقہ زراعت ضروری ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ اس کی ہائبرڈ چاول کی اقسام نے متعلقہ تجربات میں پیداوار 20 سے 30 فیصد تک بڑھائی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمپنی میں کام کرنے والے پاکستانی زرعی سائنس دان ڈاکٹر احمد علی کو سندھی ٹوپی بھی پیش کی۔