میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے فریئر ہال میں تاریخی اخباری اشتہارات کی نمائش کا افتتاح کردیا

فریئر ہال میں اخباری اشتہارات کی تاریخی نمائش کا افتتاح

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ہفتے کی شام فریئر ہال میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے زیر اہتمام اخباری اشتہارات کی تاریخی نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش کا مقصد پاکستان کی تاریخ میں اخباری اشتہارات کی اہمیت، تخلیقی انداز اور بدلتے ہوئے تشہیری رجحانات کو اجاگر کرنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے اپنے بچوں سمیت نئی نسل اس نمائش کو دیکھے تاکہ انہیں ملک کے ماضی، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کے بارے میں آگاہی حاصل ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے اشتہارات میں مزاح اور خوبصورت انداز میں پیغام دینے کے ساتھ مارکیٹنگ کے منفرد طریقے بھی نظر آتے ہیں۔ ہمیں اس تخلیقی روایت سے متاثر ہو کر مستقبل کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے گزشتہ چند برسوں میں شہر کے متعدد تاریخی اور عوامی مقامات کو دوبارہ فعال کیا ہے، جن میں سٹی کونسل ہال، فریئر ہال، خالق دینا ہال، ڈینسو ہال، حسن علی ہاؤٹی مارکیٹ اور ایمپریس مارکیٹ شامل ہیں۔

انہوں نے اے پی این ایس کو پیشکش کی کہ وہ ان مقامات پر اپنی تقریبات منعقد کرے تو کے ایم سی متعلقہ جگہ بلا معاوضہ فراہم کرے گی۔ انہوں نے تخلیقی صلاحیتوں پر مبنی ایک اور نمائش منعقد کرنے کی بھی پیشکش کی، جس کے اخراجات کے ایم سی برداشت کرے گی۔

اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی نے نمائش کے افتتاح پر میئر کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اخباری صنعت اور میئر کراچی کے خاندان کے درمیان دیرینہ تعلق ہے۔ ان کے والد وہاب صدیقی ملک کے معتبر صحافیوں میں شمار ہوتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ نمائش میں 1947 سے چند برس قبل تک اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہارات شامل ہیں۔ ان کے مطابق ان اشتہارات میں ایسی مصنوعات اور تخلیقی تحریریں بھی دیکھنے کو ملتی ہیں جو آج کے دور میں کم نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کے اس ماضی کی یاد دلاتی ہے جب اخباری اشتہارات میں جدت اور تخلیقی انداز نمایاں تھا۔

سینیٹر سرمد علی کا کہنا تھا کہ آج اشتہارات میں تخلیقی صلاحیت کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور نقل کا رجحان بڑھ رہا ہے، جبکہ تاریخی اشتہارات اس بات کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ پرنٹ میڈیا کو کس قدر مؤثر اور تخلیقی انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں