کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کی وزیراعظم آفس کو دو ہفتوں کی مہلت

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے وفاقی حکومت سے باضابطہ تحریری درخواست جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم آفس کو دو ہفتوں کی مہلت دے دی ہے۔

10 نومبر کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے حکم دیا کہ مقررہ مدت میں جواب نہ ملنے پر الیکشن کمیشن مناسب احکامات جاری کرنے پر مجبور ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز کی سابقہ بلدیاتی حکومتوں کی مدت 11 اپریل کو ختم ہوگئی تھی، جبکہ قانون کے تحت انتخابات 8 اگست تک منعقد ہونا تھے۔ تمام 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابی حلقہ بندیوں کا عمل بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔

کمیشن نے وزارت دفاع اور وزیراعظم آفس کو متعدد خطوط اور یاد دہانیاں ارسال کیں، تاہم وفاقی حکومت کی باضابطہ درخواست موصول نہیں ہوئی۔ وزارت دفاع کے نمائندوں نے بھی تصدیق کی کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے وزارت تیار ہے، تاہم معاملہ وزیراعظم آفس میں زیر التوا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے دفتر کو دوبارہ وزیراعظم آفس سے رابطہ کرنے اور دو ہفتوں میں تحریری درخواست طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ معاملے کی مزید سماعت تین ہفتے بعد ہوگی۔

ملک کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں سے 20 پنجاب، 11 خیبر پختونخوا، آٹھ سندھ اور تین بلوچستان میں واقع ہیں۔

متعلقہ خبریں