چکوال کے مرکزی عوامی اسٹیڈیم میں کلب کی تعمیر پر شہریوں اور کھیلوں کی تنظیموں کا احتجاج
چکوال: ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مرکزی عوامی اسٹیڈیم میں کلب کی تعمیر شروع کرنے پر شہریوں اور کھیلوں کی تنظیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، جبکہ سیاسی اور سماجی حلقوں کی مخالفت کے باوجود تعمیراتی کام جاری ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی سردار غلام عباس اور ریٹائرڈ میجر طاہر اقبال، ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن، چکوال عوامی فورم، مرچنٹس ایسوسی ایشن، پاکستان پیپلز پارٹی اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے اس منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے شہر کے ایک بڑے عوامی کھیل کے میدان کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے۔
سردار غلام عباس نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 1993 میں صوبائی وزیر کی حیثیت سے انہوں نے چکوال میں اسٹیڈیم کی منظوری حاصل کی تھی، کیونکہ اس وقت شہر میں ثقافتی سرگرمیوں اور کھیلوں، خصوصاً نیزہ بازی، کراہ، کبڈی اور دیگر مقابلوں کے لیے کوئی وسیع میدان موجود نہیں تھا۔ ان کے مطابق اسٹیڈیم 1970 کی دہائی میں خریدی گئی سرکاری اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا۔
تقریباً 110 کنال پر محیط اسٹیڈیم میں بائیں جانب ایک پویلین، ایک کونے میں مویشیوں کے لیے باڑہ اور دائیں جانب درمیان میں بیٹھنے کی جگہ بنائی گئی تھی۔ قیام کے بعد سے یہ سالانہ جشنِ چکوال، نیزہ بازی، کراہ، کبڈی، کرکٹ اور فٹبال میچوں کا اہم مرکز رہا ہے۔
تاہم برسوں کی عدم توجہی کے باعث اسٹیڈیم کی حالت خراب ہوچکی ہے۔ اس کے کمروں کے دروازے اور کھڑکیاں چوری ہوچکی ہیں، بیٹھنے کی جگہ پر گھاس اگ آئی ہے، جبکہ داخلی دروازے اور چار دیواری بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی جمع ہونے والے حصے میں گھاس اور جڑی بوٹیاں پھیل گئی ہیں۔
اس کے باوجود اسٹیڈیم میں روزانہ شام کے وقت کرکٹ، فٹبال اور والی بال کھیلنے والوں کا رش رہتا ہے، جہاں دس سال سے کم عمر بچے اور چالیس سال کی عمر کے افراد بھی کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔
شہریوں کے مطابق اس اہم عوامی سہولت کو بہتر بنانے کے بجائے میونسپل کمیٹی چکوال نے 21 ستمبر کو قومی اخبارات میں انگریزی اور اردو زبان میں اشتہار شائع کرکے 60 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے میونسپل کمیٹی ہال کی تعمیر کے لیے ٹینڈرز طلب کیے ہیں۔
Source: Dawn