الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کرانے کی تجویز منظور کر لی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کرانے کی تجویز منظور کر لی ہے۔ ہر مرحلے میں 18 اضلاع کے گروپس شامل ہوں گے، تاہم تاحال پولنگ کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔

17 نومبر کو جاری کیے گئے خط کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب کے محکمہ بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی جانب سے 16 نومبر کو بھجوائی گئی تجویز سے اتفاق کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے سے پنجاب کے چیف سیکریٹری کو آگاہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا عمل آگے بڑھایا جائے اور تمام ضروری انتظامات مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں۔

منظور شدہ منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں چکوال اور تلہ گنگ، پاکپتن، سیالکوٹ، اوکاڑہ، راجن پور، نارووال، چنیوٹ، خانیوال، ننکانہ صاحب، قصور، راولپنڈی اور مری، ڈیرہ غازی خان اور تونسہ، لاہور، بہاولپور، لودھراں، سرگودھا، حافظ آباد اور بھکر شامل ہوں گے۔

دوسرے مرحلے میں ساہیوال، گوجرانوالہ اور وزیرآباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، جہلم، شیخوپورہ، مظفرگڑھ اور کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ملتان، میانوالی، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان شامل ہوں گے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (بلدیاتی انتخابات) چوہدری ندیم قاسم کے دستخط سے جاری خط میں صوبائی حکام کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پیشگی ضروری اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خط کی نقول صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور سیکریٹری محکمہ بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔

تاہم الیکشن کمیشن نے دونوں مرحلوں میں پولنگ کے شیڈول اور تاریخوں کا اعلان تاحال نہیں کیا ہے۔

متعلقہ خبریں