نیو کراچی ٹاؤن میں انتظامی بے ضابطگیوں کی تحقیقات، سینئر ڈائریکٹر ایڈمن معطل

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سینئر ڈائریکٹر ایڈمن شمونہ صدف کی معطلی اور ان کے سروس ریکارڈ، ترقیوں، تقرریوں اور دیگر انتظامی معاملات کی تحقیقات شروع ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ متعلقہ شواہد اینٹی کرپشن حکام کو بھی فراہم کر دیے گئے ہیں۔

نیو کراچی ٹاؤن آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ انہوں نے متعدد مرتبہ شمونہ صدف سے گریڈ 19 میں ترقی کا سرکاری نوٹیفکیشن، مکمل سروس ریکارڈ اور دیگر دستاویزات طلب کیں، تاہم مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق بعد ازاں مؤقف اختیار کیا گیا کہ موٹر سائیکل پر منتقل کیا جانے والا سرکاری ریکارڈ نامعلوم افراد گن پوائنٹ پر چھین کر لے گئے تھے۔

چیئرمین نے شمونہ صدف کی لانڈھی ٹاؤن سے نیو کراچی ٹاؤن منتقلی، گریڈ 19 میں ترقی اور مختلف ٹاؤنز میں اہم عہدوں پر تعیناتی کے قانونی طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ دستاویزات اور سرکاری احکامات کی عدم فراہمی کے باعث ان معاملات کی مکمل تحقیقات ضروری ہیں۔

محمد یوسف نے دعویٰ کیا کہ ان کے سرکاری لیٹر ہیڈ اور جعلی دستخطوں سے اینٹی کرپشن میں ایک خط جمع کرایا گیا، جس میں ظاہر کیا گیا کہ وہ شمونہ صدف کے خلاف شکایت اور فراہم کردہ ثبوت واپس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن حکام سے ملاقات کرکے واضح کیا گیا کہ ایسا کوئی خط ان کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا اور وہ شفاف و غیر جانبدارانہ تحقیقات چاہتے ہیں۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے ادارے میں اقربا پروری کے الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایک ہی خاندان کے متعدد افراد کو مختلف عہدوں پر تعینات کیا گیا۔ ان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ایسے ملازمین کی نشاندہی ہوئی ہے جنہیں پہلے لانڈھی ٹاؤن میں بھرتی کیا گیا اور بعد ازاں نیو کراچی ٹاؤن منتقل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام بھرتیوں، تبادلوں اور ترقیوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جو بھی ذمہ دار پایا گیا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

محمد یوسف نے بعض افسران اور ملازمین کو اینٹی کرپشن کے نوٹسز کے ذریعے دباؤ میں لانے اور ذہنی اذیت دینے کی شکایات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ کسی بھی ملازم کے ساتھ ناانصافی، ہراسانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے بتایا کہ معاملے کی تمام تفصیلات وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ اور سیکریٹری بلدیات کو خطوط کے ذریعے فراہم کردی گئی ہیں، جنہوں نے شفاف تحقیقات اور قانون کے مطابق کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ محمد یوسف نے افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور کسی دباؤ میں نہ آئیں۔

متعلقہ خبریں