سندھ کے چھ بڑے شہروں کے میئرز کا نئے صوبوں کی تجاویز مسترد کرنے کا اعلان

کراچی: سندھ کے چھ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے منتخب میئرز نے سندھ میں نئے صوبے بنانے کی تجاویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سکھر کے میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، حیدرآباد کے میئر کاشف شورو، میرپورخاص کے میئر عبدالرؤف غوری، لاڑکانہ کے میئر انور لوہار اور شہید بینظیرآباد کے میئر قاضی رشید بھٹی نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنی تاریخی شناخت اور صوبائی وحدت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سکھر کے میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ وہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوئے ہیں اور کسی کو یہ حق نہیں کہ عوام کی مرضی کے خلاف سندھ کے مستقبل کے بارے میں یکطرفہ دعوے کرے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ قائداعظم محمد علی جناح کا صوبہ ہے، جس نے 1947 میں ہجرت کرکے آنے والوں کو محبت اور اپنائیت دی۔ ان کے مطابق سندھ پانچ ہزار سالہ تہذیب، صوفی بزرگوں، امن، رواداری اور بھائی چارے کی سرزمین ہے۔

انہوں نے کہا کہ لسانی بنیادوں پر سندھ کے عوام کو تقسیم کرنے، دھمکیاں دینے اور نفرت کا ماحول پیدا کرنے کی کوششیں بند ہونی چاہئیں۔ آئینی معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام اور صوبائی حدود میں تبدیلی کا طریقہ کار آئین کے آرٹیکل 239(4) میں واضح ہے۔ جب آئین میں اس حوالے سے طریقہ کار موجود ہے تو ریفرنڈم کا مطالبہ کس بنیاد پر کیا جا رہا ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اصولی طور پر نئے صوبوں کے قیام کی مخالف نہیں، تاہم آئینی طریقہ کار پر عمل ضروری ہے۔

کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نفرت کسی بھی معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔ سندھ کے چھ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے میئرز محبت، اتحاد، آئین کی بالادستی اور نفرت کے خاتمے کا پیغام دینے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاریخ کا آغاز 1947 سے نہیں ہوتا بلکہ یہ صدیوں پرانی تہذیب کا امین شہر ہے۔ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کبھی پورے خطے کا فخر ہوا کرتا تھا۔ ان کے مطابق 1980 کی دہائی میں نسلی تعصب کو فروغ دینے سے شہر کا امن متاثر ہوا۔

حیدرآباد کے میئر کاشف شورو نے کہا کہ عوام اب سیاسی طور پر باشعور ہیں اور سیاسی جماعتوں کی سیاست اور طرزِ عمل کو سمجھتے ہیں۔ منتخب نمائندوں کو ووٹ دینے والے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی کارکردگی دکھانی چاہیے۔

لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد کے میئرز نے بھی سندھ کی وحدت، جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے مؤقف کی حمایت کی۔

متعلقہ خبریں