سندھ میں نیا بلدیاتی قانون لانے کے لیے وزارتی کمیٹی قائم، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی تین ماہ میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار بنانے اور نئے بلدیاتی قانون کی تیاری کے لیے دو رکنی وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ کمیٹی صوبے کی سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد تین ماہ میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ کمیٹی میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور وزیر قانون ضیا الحسن لنجار شامل ہوں گے۔ کمیٹی آئندہ ہفتے سے کام شروع کرے گی اور بلدیاتی اداروں کو زیادہ انتظامی و مالی خودمختاری دینے کے لیے تجاویز تیار کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانا چاہتی ہے تاکہ ان کی مالی اور انتظامی استعداد بہتر ہو اور وہ عوام کو مؤثر خدمات فراہم کرسکیں۔ ان کے مطابق یہ عمل پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مجوزہ قانون سازی موجودہ بلدیاتی قانون میں ترامیم کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ آئندہ بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے طریقہ کار کا فیصلہ تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت صوبائی مالیاتی کمیشن (PFC) کے ذریعے بلدیاتی کونسلوں کو مالی طور پر بھی مستحکم کرنا چاہتی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ نے مشکل سیاسی اور سیکیورٹی حالات کے باوجود بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا۔ انہوں نے 2016 میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ایک رہنما کے متنازع بیانات کے بعد بھی بلدیاتی انتخابات کرانے اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے باوجود 2023 میں انتخابی عمل مکمل کرنے کا حوالہ دیا۔

وزیراعلیٰ نے دیگر صوبوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بلدیاتی نظام قائم کریں اور انہیں مؤثر بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری طرزِ حکمرانی کے لیے نچلی سطح پر مضبوط اور فعال اداروں کا ہونا ضروری ہے۔

پریس کانفرنس کے موقع پر صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ضیا الحسن لنجار اور کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں