لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور نے پارٹی کے بلدیاتی انتخابات کے خواہشمند امیدواروں پر زور دیا ہے کہ کامیابی کے لیے عوام سے نچلی سطح پر رابطے، مقبول اور اہل امیدواروں کا انتخاب اور مقامی سیاسی جماعتوں سے اتحاد اہم حکمت عملی ہیں۔
انہوں نے لاہور کے 10 ٹاؤنز سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کے خواہشمند ایک ہزار سے زائد امیدواروں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ ہر ٹاؤن اور یونین کونسل کا دورہ کریں، امیدواروں کے انتخاب کے عمل کا جائزہ لیں اور ان کے ذاتی انٹرویوز کریں تاکہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اہل امیدواروں کو میدان میں اتارا جا سکے۔
فریال تالپور نے کہا کہ امیدواروں کے انتخاب میں میرٹ، عوامی مقبولیت، ساکھ اور مقامی مسائل سے آگاہی کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ پارٹی کی جانب سے صرف ایسے افراد کو ٹکٹ دیا جائے جو حقیقی معنوں میں اپنی برادری اور علاقے کی نمائندگی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ چھوٹے مگر سیاسی طور پر سرگرم مقامی گروپوں کے ساتھ روابط قائم کریں، خصوصاً ایسے گروپوں سے جن کے پاس قابل امیدوار موجود ہوں اور جو پیپلز پارٹی کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہوں۔ ان کے مطابق اس طرح کے روابط سے نچلی سطح پر پارٹی کے تعلقات مضبوط اور انتخابی کامیابی کے امکانات بہتر ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے امیدواروں کے انتخاب اور سیاسی اتحاد کے حوالے سے بامعنی مشاورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط اور جامع انتخابی حکمت عملی تشکیل دی جانی چاہیے۔
پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ہر وقت انتخابات کے لیے تیار رہنا چاہیے کیونکہ انتخابی تیاری ایک مسلسل عمل ہے۔ انہوں نے لاہور کی تنظیم کی جانب سے ایک ہزار سے زائد امیدواروں کو شامل کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ عوام کو ایسے حقیقی نمائندوں کی ضرورت ہے جو محلوں کے مسائل حل کرنے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے نوجوانوں اور خواتین تک پارٹی کا پیغام پہنچانے اور انہیں مقامی سیاست میں بھرپور شرکت کی ترغیب دینے پر بھی زور دیا۔
پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے بتایا کہ شہر، ٹاؤن، زون اور یونین کونسل کی سطح پر موزوں امیدواروں کے انتخاب کے لیے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ لاہور کی تنظیم کو غیر فعال عہدیداروں کے خلاف کارروائی اور ضرورت پڑنے پر انہیں عہدوں سے ہٹانے کے اختیارات دیے جائیں تاکہ تنظیمی معاملات بہتر اور انتخابی تیاریاں مؤثر انداز میں جاری رہ سکیں۔