ایس بی سی اے کی نااہلی، بلوچ کالونی میں چھ منزلہ زیر تعمیر عمارت منہدم، 3 جاں بحق، 14 زخمی
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا جائے حادثہ کا دورہ، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا اعلان
کراچی: شہر قائد کے علاقے بلوچ کالونی میں بلاک 4، ایڈمن سوسائٹی کے قریب چھ منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں اب تک تین افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوچکے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عمارت گرنے کے واقعے کے ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے تلے متعدد گاڑیاں بھی دبی ہوئی ہیں۔ بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے ہوئے افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ عمارت کے منہدم ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آچکی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کا منظور شدہ نقشہ صرف بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور ایک منزل پر مشتمل تھا، تاہم مبینہ طور پر اس کے اوپر اضافی منزلیں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئیں۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے عمارت کے مالکان کو پہلے نوٹس جاری کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بلڈر نے عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کیا تھا، تاہم اس کے باوجود تعمیراتی کام جاری رہا۔
حادثے کے بعد پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے عمارت کے مالک کے بھائی اور کنٹریکٹر کو حراست میں لے لیا، جبکہ دیگر ممکنہ طور پر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
دوسری جانب کراچی انتظامیہ نے ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر 12 عمارتوں کو سیل کردیا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا، متعلقہ حکام سے بریفنگ لی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
ریسکیو اور انتظامی ٹیمیں ملبے سے متاثرین کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ عمارت کی تعمیر، منظوری اور متعلقہ اداروں کے کردار کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔