اسلام آباد میں اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں اسموگ کے خاتمے، ماحولیاتی بہتری اور تحقیق و ترقی کے منصوبوں کے لیے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس میں سی ڈی اے اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے درمیان اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں خصوصی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا، جو ہر پندرہ روز بعد پیش رفت رپورٹ پیش کرے گی۔
اجلاس میں سڑکوں کی تعمیر کے ڈیزائن اور کرب اسٹونز میں تبدیلی، سڑکوں پر گردوغبار کم کرنے کے لیے پانی کی نکاسی بہتر بنانے، کچرا جلانے کے مقامات کی نشاندہی اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی سمیت متعدد اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ تعمیراتی مقامات پر پانی کا چھڑکاؤ، موبائل ایپس کے ذریعے اسموگ الرٹس کا اجرا اور صنعتی یونٹس کی نگرانی کے لیے کیمروں کی تنصیب بھی منصوبے میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کے لیے یورو فائیو ایندھن کے معیار، جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، جدید لینڈ فل سائٹس کے قیام، ماحولیاتی نگرانی کے نیٹ ورک میں توسیع اور اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی ایک قومی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے بھی تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔