گندم کو محفوظ رکھنے کے لئے زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن، 35 گرفتار
لاہور: محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی اسٹوریج کے لیے استعمال ہونے والی زہریلی گولیوں فاسٹاکسن (ایلومینیم فاسفائیڈ) کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ محکمہ کے ترجمان کے مطابق غیر قانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اب تک اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف 78 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جبکہ 35 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
محکمہ زراعت کے مطابق ان زہریلی گولیوں کی فروخت بچوں، خواتین اور کم عمر افراد کو سختی سے ممنوع ہے۔ ان کی خرید و فروخت کو شفاف بنانے کے لیے صوبہ بھر میں سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
محکمہ نے واضح کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ ڈیلرز، غیر مجاز دکانوں اور کریانہ اسٹورز پر فاسٹاکسن گولیوں کی فروخت کی اجازت نہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔