پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بہاولنگر میں بڑا ایکشن، لاکھوں روپے کی ایکسپائرڈ ڈیری کریم برآمد

بہاولنگر:  پنجاب فوڈ اتھارٹی بہاولنگر نے لاکھوں روپے مالیت کے 9 ہزار سے زائد ایکسپائرڈ ڈیری کریم پیکٹس برآمد کر کے یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ ون نے ٹیموں کے ہمراہ صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جالواہ روڈ پر واقع رائس ملز پر چھاپہ مارا۔ یہاں سے 9 ہزار سے زائد ٹیمپر شدہ میلک کریم کے پیکٹ برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے۔

یہ ایکسپائرڈ ڈیری کریم پیکٹس جن کی میعاد ختم ہو چکی تھی، ان پر ایکسپائری ڈیٹ کو ٹیمپر کرکے مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا تھا۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے قوانین کی خلاف ورزیوں پر 2 یونٹس کی پروڈکشن بند کر دی جبکہ 1 لاکھ 10 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

اسی طرح فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے دودھ کے سیمپلز فیل ہونے پر 2 ملک کلیکشن سنٹرز کی پروڈکشن بند کر کے ان کے خلاف بھی الگ الگ مقدمات درج کر دیے ہیں۔

بلدیہ روڈ پر واقع ایک مشہور ریسٹورنٹ کو کھلے مصالحے اور نان ٹریسیبل گوشت کے استعمال پر 70 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ شہریوں تک ملاوٹ سے پاک خوراک پہنچانے کے لیے بلاتفریق کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ میعاد ختم یا ملاوٹ شدہ اشیاء کی اطلاع فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کو دیں۔

متعلقہ خبریں