یوسی 02 گلشن سعید کے وائس چیئرمین فیضان قریشی پر حملہ، جماعت اسلامی کا شدید احتجاج

کراچی: جماعت اسلامی کے منتخب وائس چیئرمین یوسی 02 گلشن سعید نیوکراچی ٹاؤن فیضان قریشی پر پیپلز پارٹی کے شرپسند عناصر نے حملہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ اس واقعے کے بعد جماعت اسلامی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

متاثرہ رہنما واقعے کے بعد قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی آر درج کروانے خواجہ اجمیر نگری تھانہ گئے تاہم پولیس انتظامیہ نے سست روی اور غیر سنجیدہ رویہ اختیار کر رکھا ہے۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی و چیئرمین یوسی 02 احمر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے پر حملہ صرف فیضان قریشی پر نہیں بلکہ پوری عوام کے مینڈیٹ پر حملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی سست کارروائی شرپسندوں کو مزید شہ دے رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مقدمہ درج کر کے ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے ورنہ تھانے کے باہر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

اس موقع پر چیئرمین اور وائس چیئرمین یوسی 05، وائس چیئرمین یوسی 07، وائس چیئرمین یوسی 08، چیئرمین یوسی 07 سرجانی، کوآرڈینیٹر یوسی 10، کوآرڈینیٹر یوسی 01، نوجوان کونسلر یوسی 04 اور دیگر کارکنان جماعت اسلامی بھی موجود تھے اور انہوں نے فیضان قریشی سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

جماعت اسلامی کارکنوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ رہنما کو انصاف دلایا جائے۔

متعلقہ خبریں