کشمور پولیس نے مغوی تاجر اسرار احمد جتوئی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
کشمور: کشمور پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والے تاجر اسرار احمد جتوئی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔ ان کی بازیابی پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایس ایس پی کشمور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ مغوی تاجر کی بحفاظت بازیابی کشمور پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مؤثر حکمت عملی اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مغوی کے اغوا میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے بھی کشمور پولیس کی کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرار احمد جتوئی کی بحفاظت بازیابی پولیس کی محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظہر ہے۔
وزیر داخلہ نے بھی ہدایت کی کہ اغوا میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔