بس کنڈکٹر کی خاتون کو دھکا دینے کی ویڈیو وائرل، ملازمت سے برطرف، پولیس کارروائی کا حکم
لاہور: بس میں سوار ہونے کی کوشش کرنے والی خاتون کو دھکا دے کر گرانے والے کنڈکٹر کو ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نجی ٹرانسپورٹ کمپنی نے ملازمت سے برطرف کردیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کو مزید کارروائی کی ہدایت کردی۔
واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون بس میں سوار ہونے کی کوشش کرتی ہیں تو کنڈکٹر انہیں دھکا دے دیتا ہے۔ دوبارہ کوشش پر بھی انہیں دھکا دیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ قریب کھڑی موٹر سائیکل پر جاگرتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کنڈکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بتایا کہ فیصل موورز گروپ نے کنڈکٹر کو ملازمت سے برطرف کردیا ہے۔ کمپنی کے ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ نے 13 نومبر کو علی رضوان کی ملازمت فوری طور پر ختم کرنے کا خط جاری کیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ محکمہ اس نامناسب رویے کی مذمت کرتا ہے اور اس پر معذرت خواہ ہے۔ کسی کو دوسرے شخص کی تذلیل کرنے کا حق نہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ صرف ملازمت سے برطرفی کافی نہیں، پولیس کنڈکٹر کے خلاف مزید کارروائی کرے۔ انہوں نے ڈی آئی جی فیصل کامران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو گرفتار کرکے متاثرہ خاتون کے گھر لے جایا جائے اور اس سے سرعام معافی منگوائی جائے۔