نیو کراچی ٹاؤن کے ریٹائرڈ ملازمین میں 60 لاکھ 93 ہزار روپے سے زائد کے چیکس تقسیم

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی قیادت میں ٹاؤن انتظامیہ نے ایک اور فلاحی اقدام کرتے ہوئے ریٹائرڈ افسران و ملازمین میں لیو انکیشمنٹ جبکہ متوفی ملازمین کے لواحقین میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کیے، جن کی مجموعی مالیت 60 لاکھ 93 ہزار روپے سے زائد ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ ہر ماہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کے واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنا رہی ہے۔ ماضی میں ریٹائرڈ ملازمین کو اپنے واجبات کے لیے کئی کئی سال انتظار کرنا پڑتا تھا، تاہم ٹاؤن کے انتظامات سنبھالنے کے بعد ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے متعلقہ محکمے کو ہدایات جاری کی گئیں اور واجبات کی ادائیگی کا عمل تیز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ ملازمین کی فلاح و بہبود اور ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے واجبات کی بروقت ادائیگی بھی ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے عوام اور ملازمین کی خدمت کا جو موقع فراہم کیا ہے، اسے ایمانداری اور دیانت داری سے نبھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

چیئرمین محمد یوسف نے حکومت سندھ سے اپیل کی کہ نیو کراچی ٹاؤن کے لیے خصوصی گرانٹ فراہم کی جائے تاکہ ان ملازمین کے واجبات بھی ادا کیے جا سکیں جنہیں گزشتہ کئی برسوں سے ادائیگیاں نہیں ہو سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی سہولت کے لیے ٹاؤن انتظامیہ نے باقاعدہ ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ قائم کیا ہے، جو اب تک 150 سے زائد ملازمین کی پنشن فائلیں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) کو بھجوا چکا ہے۔ ان کوششوں کے نتیجے میں 125 ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بحال ہو چکی ہے جبکہ باقی ملازمین کی پنشن بھی جلد از جلد بحال کرانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اس موقع پر ریٹائرڈ ملازمین نے چیئرمین محمد یوسف کی جانب سے کیے جانے والے فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملازمین کے واجبات کی بروقت ادائیگی کی یہ پالیسی بلدیاتی نظام میں ایک مثبت اور قابلِ تقلید مثال ہے۔

متعلقہ خبریں